افغانستان میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران تشدد کے مختلف واقعات میں چارامریکی فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔ افغانستان میں تعینات نیٹو افواج کی طرف سے پیر کو جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق دو فوجی جنوبی افغانستان میں ایک بم دھماکے کا شکار ہوئے جب کہ تیسرا فوجی ایک مختلف لڑائی میں مارا گیا۔ چوتھے فوجی کی ہلاکت کے بارے میں بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ مشرقی افغانستان میں ایک بم دھماکے میں مارا گیا۔
واضح رہے کہ2001ء میں طالبان حکومت کے خاتمے کے بعد سے اب تک سال رواں افغانستان میں امریکی افواج کے لیے سب سے زیادہ ہلاکت خیز ثابت ہوا ہے۔ آٹھ سالوں میں یہاں تعینات امریکہ اور اس کی اتحادی افواج کے تقریباً ڈیڑھ ہزار سے زائد فوجی مارے جاچکے ہیں جن میں سب سے زیادہ تعداد امریکی فوجیوں کی ہے۔
دریں اثناء افغان حکام کے مطابق جنوبی افغانستان کے موسیٰ قلعہ ضلع میں سڑک پر نصب بم پھٹنے سے تین افغان فوجی ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔

