انڈین کلاسک بیوٹی کہلانے والی ایشوریہ رائے اپنی زندگی کے ایک یادگار کردار میں بہت جلد دکھائی دیں گی۔دنیا کے سات عجائبات میں شامل تاج محل کی تعمیر کی حقیقی داستان پر تیار ہونے والی فلم میں ایشوریہ ممتاز محل کے کردار میں پیش کی جارہی ہے۔ایشوریہ کے عاشق کا کردار ان کے شوہر ابھیشک بچن نہیں بلکہ ہالی ووڈ کے اداکار بین کنگزلی نبھائیں گے۔

پہلے یہ اطلاعات تھیں کہ شاہجہاں کا کردار ابھیشک بچن کو دیا جائے گا لیکن اب معلوم ہوا ہے کہ آسکر ایوارڈ یافتہ اداکار انڈین بیوٹی کے ساتھ رومانس کرتے نظر آئیں گے۔ فلم کی کہانی 1631ء میں ممتاز محل کی موت کے بعد شاہجہاں نے تاج محل تعمیر کرایا تھا اسی کو فلمی کہانی میں ڈھال دیا گیا ہے۔

 دل چسپ بات تو یہ ہے کہ ایشوریہ کے خسر امیتابھ بچن نے بھی بین کنگزلی کے ساتھ فلم ’تین پتی‘ میں کام کیا ہے۔

’تاج محل‘ کنگزلی کی جانب سے قائم کردہ پروڈکشن کمپنی SBK کے بینر تلے تیار کی جارہی ہے۔ اس کی فلم بندی کا بہت جلد آغاز ہوگا اور فلم کا زیادہ تر حصہ آگرہ اور فتح پور سیکری میں فلمایاجائے گا۔

کنگزلی نے ایشوریہ کے ساتھ فلم بنانے کی توثیق کی اور کہا کہ اس فلم میں محبت کی طاقت کو پیش کیا جائے گا۔واضح رہے کہ کنگزلی نے 1982ء میں رچرڈ ایٹن بورو کی فلم’گاندھی‘ میں مہاتما گاندھی کا کردار ادا کیا تھا، جس پر انہیں اکیڈمی ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔