ممبئی میں ہوئی ایک تقریب میں کینیڈا کے وزیر اعظم اسٹیون ہارپر نے بالی وڈ کے ایکشن ہیرو اور کھلاڑی کمار کے نام سے پہچانے جانے والے اداکار اکشے کمار کو کینیڈا میں منعقد ہونے والے 2010ء کے اولمپک وینٹر گیمز کے لیے بھارت کی نمائندگی کے لیے نامزد کیا ہے۔ اکشے واحد بھارتی شخصیت ہیں جنھیں سرمائی اولمپکس کی مشعل کو اٹھانے کا اعزاز حاصل ہوگا۔
خیال رہے کہ بالی وڈ فلموں کے علاوہ اکشے اصل زندگی میں کراٹے یعنی کہ مارشل آرٹ کے چیمپیئن ہیں۔ شاید ان کے اسی ہنر کو دیکھ کر آئندہ سال فروری میں ہونے والے اولمپکس میں اولمپک مشعل بردار کے لیے اکشے کمار کو منتخب کیا گیا ہے۔
کینیڈا کے وزیراعظم اسٹیون ہارپر کے ہاتھوں سے علامتی اولمپک مشعل لینے کے بعد اکشے نے کہا کہ اولمپکس دنیا کا سب سے بڑا عالمی کھیل ہے اور اس موقع پر بھارت کی نمائندگی کرنا اُن کے لیے انتہائی اعزاز کی بات ہے۔ اکشے 17 دسمبر کو مشعل کے ساتھ ٹورونٹو میں دوڑیں گے۔
خیال رہے کہ پچھلے دنوں ’کمبخت عشق‘ اور ’بلیو‘ جیسی بڑی بجٹ کی فلمیں فلاپ ہونے کے باوجود اکشے کی مقبولیت میں کوئی کمی نہیں آئی ہے۔ سمندر پار فلمی مارکیٹ میں اکشے آج بھی شاہ رخ خان، عامر خان، سلمان خان جیسے چوٹی کے ستاروں کو کانٹے کی ٹکر دے رہے ہیں۔
گذشتہ چند سالوں میں اکشے نے اپنی فلموں میں پنجابی نوجوان کا کردار بخوبی نبھایا ہے اور وہ کئی بار اپنی فلموں کی تشہیر کے سلسلے میں کینیڈا کی سرزمین پر اپنے قدم رکھ چکے ہیں۔ شاید اسی لیے کینیڈا میں بھارتی نژاد کے پنجابیوں کے درمیان اکشے کی مقبولیت کو بھانپتے ہوئے انہیں اولمپک کی مشعل اٹھانے کا نادر موقع دیا گیا ہے۔


