بالی وڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن اپنی عمر کے آخری پڑاؤ میں فلموں کے ساتھ ساتھ ٹیلی ویژن کی دنیا پر بھی چھائے ہوئے ہیں۔ میڈیا میں آنے والی خبروں کے مطابق بگ برادر کے طرز پر بنے بگ باس ریئلیٹی شو میں میزبانی کے فرائض ادا کرنے کے لیے امیتابھ کو ایک قسط میں کام کرنے کے لیے سوا دو کروڑ روپے بطور فیس دیے جائیں گے۔
 
اب تک امیتابھ یا بگ باس 3 کے پروڈیوسرز نے کسی بھی خبر کی تصدیق نہیں کی ہے۔ خیال رہے کہ دس سال قبل اسٹار ٹی وی چینل کے مشہور کوئز گیم شو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ میں میزبانی کے فرائض کے لیے 50 لاکھ روپے فیس بٹورنے والے امیتابھ نے اپنی فیس چار گنا بڑھا دی ہے۔

کلرز چینل پر شروع ہونے والے بگ باس ریئلیٹی شو کے سیزن 2 میں میزبانی کے فرائض شلپا شیٹھی نے نبھائے تھے۔ اور اب باری امیتابھ کی ہے۔ بگ باس 3 کی کل 84 اقساط ہوں گی، تاہم بگ بی ہفتے میں صرف ایک بار بگ باس ریئلیٹی شو میں حصہ لینے والوں کو صلاح مشورہ دیتے نظر آئیں گے، اور اس پورے کام کے لیے سینیئر بچن کو 30 سے 40 کروڑ روپے دیے جائیں گے۔ اگر اس خبر کی تصدیق ہوتی ہے تو امیتابھ چھوٹے پردے پر کام کرنے والے سب سے مہنگے ترین فلمی ستارے بن جائیں گے۔
 
خیال رہے کہ ایکٹر سلمان خان سونی چینل پر دکھائے جانے والے دس کا دم گیم شو کی ہر قسط کے لیے 75 لاکھ روپے معاوضے کے طور پر لیتے ہیں۔ جب کہ اکشے کمار 85 لاکھ اور شاہ رخ خان نے ’کیا آپ پانچویں پاس سے تیز ہیں؟‘ کی ایک قسط میں کام کرنے کے لیے 102کروڑ روپے فیس لی تھی۔