تین سال کے لمبے انتظار کے بعد آخرکار بالی وڈ کی مشہور اداکارہ شلپا شیٹی اپنے بھارتی نژاد برطانوی بوائے فرینڈ اور بزنس پارٹنر راج کُندرا کے ساتھ اتوار 22 نومبر کو شادی کے بندھن میں بندھ ہی گئیں۔ شادی کی تمام رسومات ممبئی شہر سے سو کلومیٹر دور واقع ہل اسٹیشن کھنڈالا میں ادا کی گئیں۔
برطانوی ریئلیٹی شو 'بگ برادر’ جیتنے کے فورا بعد لندن میں شلپا کی ملاقات راج سے ہوئی تھی۔ خیال رہے کہ اِس سال کی شروعات ہی سے شیلپا کی شادی سے متعلق افواہوں کا بازار گرم تھا۔ شلپا کی یہ پہلی شادی ہے لیکن راج کے لیے یہ تجربہ نیا نہیں تھا کیونکہ یہ اُن کی دوسری شادی ہے۔ پہلی بیوی سے راج کی ایک بچی بھی ہے۔
شلپا کی شادی اُن کی بہترین سہیلی اور بزنس پارٹنر کِرن باوا کے کھنڈالا میں واقع ’باوا بنگلے’ میں ہوئی۔ واضح رہے کہ 34 سالہ شیلپا کا تعلق مینگلور کے بنت طبقے سے ہے جب کہ راج پنجابی ہیں۔ اسی لیے شادی کے ایک دن قبل سنیچر کے روز مہندی اور سنگیت پارٹی پنجابی رسم و رواج کے ساتھ شان و شوکت سےکی گئی۔
اتوار کی شام پھولوں کے سہرے سے لدے راج بڑے شاہانہ انداز میں بینڈ باجے کے ساتھ رتھ پر بیٹھ کر شلپا کے دروازے پر بارات لے کر پہنچے۔ جب کہ شادی کے پھیروں کی رسمیں جنوبی بھارت کے پنت طبقے کے طریقہ کار سے کی گئی۔ اپنی شادی میں شلپا بھارت کے مشہور ڈریس ڈیزائنر ترون تہلیانی کی ڈیزائن کی ہوئی سُرخ رنگ کی ساڑی میں ملبوس نظر آئی تو راج ملبوسات ڈیزائنر نِکِھل شانتنو کی بنائی ہوئی قرمزی شیروانی میں ملبوس نظر آئے۔
1993ء میں سپرہٹ فلم بازی گر سے بالی وڈ میں قدم رکھنے والی شلپا نے اپنے سولہ سالہ فلمی کیریئر میں 30 سے زائد فلموں میں کام کیا ہے۔ تاہم شلپا نے اپنی شادی میں محض گِنی چُنی فلمی ہستیوں کومدعو کیا تھا۔ جس میں فلمساز واشو بھگنانی اور اُن کا بیٹا جیکی بھی شامل ہیں۔ شلپا اور راج کی ولیمہ پارٹی 24 نومبر کو ممبئی میں ہوگی جس میں امیتابھ بچن اور سلمان خان سمیت بڑی تعداد میں بالی وڈ ستاروں کے شرکت کرنے کی امید ہے۔

