نوبیل انعام یافتہ شخصیت شیریں عبادی نے بین الاقوامی برداری پر زور دیا ہے کہ وہ ان کے وطن ایران میں انسانی حقوق کی خراب صورت حال کی مذمت کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قرارداد کی حمایت کریں۔
عبادی نے بدھ کے روز کہا کہ انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان گی مون کو ایران کا دورہ کرنے اور وہاں آزادی کی خراب ہوتی ہوئی صورت حال کو دیکھنے کی دعوت دی ہے۔انہوں نے بچوں کو سزائیں دینے، مذہبی اقلیتوں اور خواتین کےساتھ تعصب برتنے اور آزادی اظہار پر پابندی سمیت بڑی تعداد میں ہونے والی ناانصافیوں کا ذکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ جون میں متنازع صدارتی انتخابات کے بعد سے صورت حال نمایاں طورپر خراب ہوئی ہے۔ ان انتخابات کے نتیجے میں صدر محمود احمدی نژاد دوبارہ صدر منتخب ہو گئے تھے لیکن اس سے سیاسی مظاہروں کی ایک لہر اٹھ کھڑی ہو گئی تھی۔
عبادی کا کہنا ہے کہ مظاہروں کے دوران گرفتار کیے جانے والے کئی افراد تشدد کے بعد جیل میں ہلاک ہوگئے۔
اگلے ہفتے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی ایک قرارداد پر ووٹنگ کرے گی جس میں ایران میں انسانی حقوق کی سنگین اور مسلسل خلاف ورزیوں پر نکتہ چینی کرتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران کو اس حوالے سے اپنا ریکارڈ بہتر بنانے کے لیے کہا گیا ہے۔

