افغان عہدے داروں نے کہا ہے کہ کابل میں امریکہ کے زیرِ انتظام نیٹو کے ایک فوجی اڈے کے قریب موٹر گاڑیوں کے ایک قافلے پر کار بم کے ایک خود کُش حملے میں 20 سے زیادہ لوگ زخمی ہوگئے۔

نیٹو نے کہا ہے کہ زخمیوں میں اُس کے نو فوجی اوردس سویلین ٹھیکےدار شامل ہیں۔اُس کا کہنا ہے کہ باقی زخمیوں میں کئى افغان شہریوں سمیت متعدد راہ گیر شامل ہیں۔

طالبان نے جمعے کے روز کیمپ فینیکس کے باہر اس حملے کی ذمّے داری کا دعویٰ کیا ہے۔

حالیہ مہینوں میں افغان دارالحکومت میں متعدد بین الاقوامی کارروائیوں کو ہدف بنایا گیا ہے اور ان میں اقوامِ متحدہ کے ایک مہمان خانے اور بھارتی سفارت خانے پرکیے جانے والے حملے بھی شامل ہیں۔

جمعے کے روز ہی برطانوی وزیرِ اعظم گورڈن براؤن نے کہا ہے کہ وہ ملک کے فوجی اتحادیوں پر زور دے رہے ہیں کہ وہ افغانستان میں نیٹو کے زیرِ قیادت مِشن کے لیے مزید فوجیں فراہم کریں۔انہوں نے بی بی سی کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ بین الاقوامی ساتھی پانچ ہزار تک مزید فوجی فراہم کرسکتے ہیں۔