امریکی خلائى شٹل ایٹلانٹس چھ افراد کے عملے کو لے کر پیر کے روز ریاست فلوریڈا میں کینیڈی سپیس سینٹر سے بین الاقوامی خلائى سٹیشن کو کامیابی کے ساتھ روانہ ہوگئى۔
دن میں مطلع ابر آلود ہونے کے باوجود شٹل کی روانگی کے لیے موسم بدستور سازگار رہا۔
امریکہ کے خلائى ادارے ناسا نے کہا ہے کہ ایٹلانٹس میں بین الاقوامی خلائى سٹیشن کے لیے 13 ٹن سے زیادہ فاضل پُرزے بھیجے گئے ہیں۔ اور ان میں سٹیشن کے روبوٹ بازو کے پُرزے بھی شامل ہیں۔
11 روز کے اس خلائى مشن کے دوران، جو کہ اس سال کا آخری مِشن ہوگا، خلا باز مختلف فرائض انجام دینے کے لیے تین بار خلائى سٹیشن سے باہر نکلیں گے۔ عملہ ایک ہفتے سے زیادہ عرصے تک سٹیشن میں قیام کرے گا۔ اور واپسی پر خلا باز نکول سکاٹ کو اپنے ہمراہ واپس لے کر آئے گا جو تین مہینے خلائى سٹیشن میں گزار چکے ہیں۔

