بین الاقوامی کرکٹ میں 20 برس کا سفر یقیناً ایک طویل سفر ہی کہا جائے گا اور بھارت کے سچن تنڈولکر نے نہ صرف یہ طویل سفر طے کیا بلکہ کئی ریکارڈ قایم کرتے ہوے دنیاے کرکٹ میں ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔
سچن جنہیں ماسٹر بلاسٹر بھی پکارا جاتا ہے بین الاقوامی کرکٹ میں 15 نومبر کو 20 سال مکمل کرلئے ہیں۔ اس موقع پر ملک اوربیرون ملک سے انہیں مبارکباد کے پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔
سچن نے جو اپریل 1973 کو پیدا ہوئے 15نومبر 1989 کو بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھا۔ کراچی پاکستان میں ٹسٹ سیریز کے پہلے میچ سے انہوں نے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا۔ سچن کا کہنا ہے کہ پاکستان کے خلاف سیریز میں بھارت کے لئے ٹسٹ کھیلنا ان کے شاندار کریئر کا انتہائی خوشگوار لمحہ تھا۔
بقول ان کے، 20 برس کا عرصہ کافی طویل ہوتا ہے اور اس دوران میرے کئی خوشگوار لمحات ہیں لیکن پہلے ٹسٹ کا پہلا دن جب میں پاکستان کے خلاف کھیلنے جارہا تھا شاید وہ میرے لئے عظیم ترین لمحہ تھا۔ ایک ٹی وی چینل کو انٹرویو میں سچن نے کہا کہ مکل کے لئے کھیلنا ان کا دیرینہ خواب تھا اور میرا خواب سچ ہوا۔ میں خوش قسمت ہوں کہ میں نے طویل عرصہ تک ملک کے لئے کھیلا ہے۔
سچن نے 159 ٹسٹ میچز،436 ونڈے میچز اور ایک ٹوینٹی 20 میچ پر محیط اپنے 20 سالہ طویل سفر میں کئی ریکارڈ قائم کئے ہیں۔ ٹسٹ میچز میں 42 سنچریاں، ون ڈے میچز میں 45 سنچریاں بناکر سچن دنیا کے پہلے کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔ یہی نہیں بلکہ ٹسٹ میچز میں 12773 رنوں اور ون ڈے میچز میں 17178 رنوں کے ذریعہ وہ دنیا کے پہلے کھلاڑی بن چکے ہیں۔
اس قدر زیادہ ریکارڈ رکھنے کا سہرا بھی سچن کے سر جاتا ہے۔ وہ دو مرتبہ بھارتی ٹیم کے کپتان بھی رھے تاہم کپتان سے زیادہ وہ کھلاڑی کی حیثیت میں زیادہ کامیاب دکھائی دیے۔
کرکٹ کیرئیر کے 20 برس کی تکمیل کے بعد سچن پہلی مرتبہ سری لنکا کے خلاف میدان میں نظر آیئں گے۔ پیر سے ٹسٹ سیریز کا پہلا میچ احمدآباد میں شروع ہونے والا ہے۔ امید کی جارہی کہ سچن 20 برس کی تکمیل کا جشن اپنے بہتر کھیل کے ذریعہ منایئں گے۔ دوعشروں تک کھیل کے میدان میں ڈٹے رہنے والے سچن نے ریٹایئرمنٹ کے بارے میں ابھی تک کچھ نہیں کہا ہے ان کا کہنا ہے کہ جب تک ان کے بیٹ میں طاقت ہے اور جب تک وہ بھارتی ٹیم کے لئے اپنی ضرورت محسوس کریں گے میدان میں دکھائی دیں گے۔
مبصرین کے مطابق سچن دنیا کے پہلے کھلاڑی ہیں جو 20 برس تک کھیلتے رہے اور اسکے بعد بھی فٹ ہیں۔

