بھارت اور سری لنکا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ پیر کو احمد آباد میں شروع ہوا اورکھیل کے اختتام پرمیزبان ٹیم نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 385 رنز بنائے۔ راہول ڈراوڈ نے177 رنز بنائے اور ابھی آوٹ نہیں ہوئے ہیں۔
بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن سری لنکا کے فاسٹ باولروں کی شاندار کارکردگی کے باعث پہلے آٹھ اورز میں 32 کے مجموعی سکور پر بھارت کے چار بلے بازآوٹ ہوگئے جن میں سچن ٹنڈولکر، لکشمن اور وریندر سواگ شامل تھے۔ تاہم راہول ڈراوڈ اور یوراج سنگھ کے درمیان ایک قیمتی پارٹنرشپ نے بھارت کو اس مشکل صورت حال سے نکلنے میں مدد دی۔
یوراج 68 سکور بنا کر آوٹ ہوئےجس کے بعد کپتان دھونی کھیلنے آئے اور انھوں نے ڈراوڈ کا ساتھ دیتے ہوئے شاندارسنچری بنائی ۔ وہ 110کے انفرادی سکور پر کیچ آوٹ ہوگئے۔


