ہالی وڈ کی ’پریٹی وومن‘جولیا رابرٹس اپنی نئی فلم ’ایٹ پرے لو‘ ( Eat, Pray, Love) کی عکس بندی کے لیے جمعرات کی صبح بھارت کے دارالحکومت دلی پہنچیں۔ رائن مرفی کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں جولیا ایک طلاق شدہ خاتون کا کردار کر رہی ہیں۔
بھارت آنے سے قبل جولیا روم میں اپنی اس فلم کی فلم بندی میں مصروف تھیں۔ خیال رہے کہ موجودہ سال میں ہالی وڈ کی اس آسکر انعام یافتہ ہیروئن کا یہ دوسرا بھارتی دورہ ہے۔
الزیبتھ گلبرٹ کی آپ بیتی پر مبنی اس فلم کو ہالی وڈ سٹار بریڈ پٹ اور ڈے ڈے گارڈنر پروڈیوس کر رہے ہیں۔ اِیٹ پرے لو کے مرکزی کردار بھارتی آشرم میں ایک دوسرے کو پسند کرنے لگتے ہیں۔ فلم کے اسی حصے کو اگلے ایک ہفتے میں بھارت میں فلمایا جائے گا۔
فلم ایرن بروکویچ میں جان دار اداکاری کے لیے آسکر جیتنے والی جولیا اپنے تین بچوں کے ساتھ بھارت آئی ہیں۔
فلم پریٹی وومن کی کامیابی نے جولیا کو شہرت کی بلندیوں تک پہنچا دیا تھا، اور آج جولیا کا شمار ہالی وڈ کے چوٹی کے اداکاروں میں ہوتا ہے۔
’سلم ڈاگ ملینئیر‘ کو آسکر ملنے کے بعد سے متعدد بین الاقوامی فلم ساز بھارت میں فلمیں بنانے میں دلچسپی دکھا رہے ہیں۔ اٹلی، بھارت اورانڈونیشیا میں فلمائی گئی جولیا کی نئی فلم ’ایٹ پرے لو‘ 2011ء میں ریلیز ہوگی۔

