فلم ساز وشال بھردواج کی نئی فلم ’کمینے’ کی باکس آفس پر کامیابی نے فلم کے ہیرو شاہد کپور کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا ہے۔ اب تک کرینہ کپور کے بوائے فرینڈ کے طور پر پہچانے جانے والے شاہد نے فلم کمینے کی ریلیز کے بعد سے اپنی فلمی فیس بھی بڑھا دی ہے۔ افواہوں پر بھروسا کریں تو شاہد نے ہندی فلم انڈسٹری میں شو مین کے نام سے مشہور سبھاش گھئی کی نئی فلم میں کام کرنے کے لیے اُن سے 15 کروڑ روپیے فیس کا مطالبہ کیا ہے۔

دل چسپ بات یہ ہے کہ شاہد نے بالی وڈ میں اپنے فلمی کیریئر کا آغاز دس سال قبل سبھاش گھئی کی ہٹ فلم ’تال‘ کے نغمے’ کہیں آگ لگے لگ جاوے’ سے کیا تھا۔ اِس فلم کے گانےمیں شاہد ایکسٹرا ڈانسر تھے۔ اور آج وشال کی فلم کمینے میں اپنے تاریخی دہرے کردار کے لیے فلمی نقادوں کی پذیرائی حاصل کرنے کے بعد شاہد کا مزاج بدل چکا ہے۔ شاید اسی لیے انہوں نے اپنی فیس تین گناہ بڑھا دی ہے۔

واضح رہے کہ 2007ء میں فلم ’جب وی میٹ‘ کے ہٹ ہونے کے بعد شاہد نے ایک فلم میں کام کرنے کے معاوضے کی رقم پانچ کروڑ روپیے کردی تھی۔ تاہم فلم کمینے کی کامیابی نے شاہد کو ہندی فلم انڈسٹری کے چوٹی کے اداکاروں کی صف میں کھڑا کردیا ہے۔ اور اِسی لیے ب شاہد کو اپنی فلم کے لیے سائن کرنا فلم سازوں کے لیے مہنگا ثابت ہوگا۔

شاہد کی اگلی ریلیز ہونے والی فلم کا نام ’دل بولے ہڑپا’ ہے۔ یش راج فلمز کے بینر تلے بنی اِس فلم میں شاہد رانی مکھرجی کے ساتھ نظر آئیں گے۔