بالی ووڈ کے مشہور نغمہ نگار، اسکرپٹ رائٹر، مصنف اور ڈائریکٹر سمپورن سنگھ گلزار کو ہندی سنیما کے شعبے میں اُن کی بے لوث خدمات کے لیے 11ویں اوسِیانز سِنے فین فلم فیسٹیول کی جانب سے 2009ء کا لائف ٹائم اچیومینٹ ایوارڈ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ گلزار کو 24 اکتوبر کے دن دلی میں فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں یہ ایوارڈ دیا جائے گا۔
آسکر ایوارڈ یافتہ نغمہ نگار 73 سالہ گلزار آج بھی عمر کے آخری پڑاؤ پر اپنے لکھے ہوئے نغموں سے نوجوان نسل کا دل جیت لیتے ہیں۔
سنیمابین چار سال قبل ریلیز ہوئی مشہور فلم بنٹی اور ببلی کے سپرہٹ گانے ’کجرا رے’ کو نہیں بھولے یا پھر فلم اوم کارا کا انتہائی مقبول گانا ’بیڑی جلائی لے‘ یا پھر حال ہی میں ریلیز ہوئی فلم کمینے کا ہٹ نغمہ ’رات کے بارہ بجے’ ہو جو آج بھی ٹاپ دس گانوں کی فہرست میں شامل رہتا ہے، گلزار کی قلم سے نکلا ہر نغمہ عوام کے دل و دماغ پر مخصوص چھاپ چھوڑ جاتا ہے۔
ایک کامیاب شاعر اور نغمہ نگار ہونے کے ساتھ ساتھ گلزار ایک بہت کامیاب اور سنجیدہ ڈائریکٹر بھی ہیں جنھوں نے بالی وڈ کو آندھی، پریچے، موسم اور ماچس جیسی ہٹ فلمیں بھی دی ہیں۔ گلزار بالی وڈ کی اُن چُنندہ شخصیات میں سے ہیں جنھیں بہترین ہدایت کاری، بہترین مکالمہ نگار، بہترین نغمہ نگار اور بہترین کہانی کے لیے بھارت کے تمام بڑے ممکنہ ایوارڈز سے نوازا جا چکا ہے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں گلزار کے 100 بہترین نغموں کا انگریزی ترجمہ کتابی شکل میں شائع کیا گیا ہے۔


