اس وقت جبکہ یمن اور سعودی عرب کی مشترکہ سرحد پر شیعہ باغی دونوں ملکوں کی فوجوں کے خلاف لڑ رہے ہیں، سعودی عرب کے وزیرِ داخلہ نے کہا ہے کہ انہیں حج کے دوران تشدّد کے امکان پر تشویش ہے۔
وزیر داخلہ شہزادہ نائف بن عبداعزیز السّعود نے کہا ہے کہ سعودی فوج اُن باغیوں کی ممکنہ تخریبی کارروائیوں کے خلاف چوکس ہے، جو ہوسکتا ہے کہ چوری چُھپے ملک میں داخل ہوگئے ہوں۔
مکّے اور مدینے جانے والی سڑکوں پر جانچ پڑتال اور سکیورٹی کی چوکیاں قائم کردی گئى ہیں۔
شیعہ فرقے زیدی سے تعلق رکھنے والے یمن کے الحوثی باغیوں کا کہنا ہے کہ اُنہیں کچلا جارہا ہے۔ وہ 2004 سے یمن کی حکومت کے خلاف لڑرہے ہیں۔
سنّی اکثریت کے سعودی عرب نے باغیوں کی اُس در اندازی کے جواب میں، جس میں دو سعودی سرحدی محافظ ہلاک ہوگئے تھے، اس ماہ کے شروع میں شمالی یمن میں باغیوں کے ٹھکانوں پر فضائى حملے شروع کیے تھے۔

