16 ویں بین الاقوامی بچوں کے فلمی میلے کا حیدرآباد میں ایک رنگارنگ تقریب سے آغاز ہوا۔ 20 نومبر تک جاری رہنے والے اس فلم فیسٹول کا مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات امبیکاسونی اور وزیر اعلیٰ کے روشیا نے افتتاح کیا۔
بھارت کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو کی یوم پیدایئش 14 نومبر کو ہر سال، یوم اطفال کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اسی دن بچوں کے فلمی میلے کا آغاز ہوتا ہے
افتتاحی تقریب میں ہزاروں کی تعداد میں بچوں نے شرکت کی۔ چلڈرنز فلم سوسائٹی آف انڈیا کی صدر نندیتا داس اور صوبای وزیر ڈاکٹر جے گیتا ریڈی کی نگرانی میں تمام انتظامات کیے گئے۔ نامور فلم ڈایرکٹر و شاعر گلزار اس تقریب کے لئے خصوصی مدعو تھے۔ 500 سے زاید مندوبین نے شرکت کی جن میں 400 ننھے اداکاراور 100 غیر ملکی مندوبین شامل ہیں۔
فلم فیسٹول میں نمائیش کی جانے والی فلموں کو تین زمروں، یعنی بین الاقوامی، ایشیائی اور دنیائے اطفال میں تقسیم کیا گیا ہے۔ مختلف ممالک سے160 فلموں کی شرکت کے لئے کاغذات موصول ہوئےہیں۔ ان ممالک میں سویٹزر لینڈ، بلجیم، جرمنی، چین، سری لنکا، ایران اور دیگر ممالک شامل ہیں۔
سات روزہ فیسٹول میں نمائش کے لئے 70 فلمیں منتخب کئ گئی ہیں۔ بہترین فلموں کے انتخاب کے لئے 10 بچوںن پر مشتمل جیوری تشکیل دی گئی ہے۔ 20 نومبر کی اختتامی تقریب میں ایوارڈز دیے جائیں گے۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے بچوں کے لئے تحریری و تقریری مقابلے منعقد کئے گئے۔ ذہنی وجسمانی معذورں کے علاوہ نابینا بچوں کے لئے فلموں کی نمایش کا خاص انتظام کیا گیا ہے۔ اس موقع پر مرکزی وصوبائی حکومتوں نے بچوں کی فلموں کی تیاری کی حوصلہ افزائی اور رعایتوں کا اعلان کیا۔

