ہیرو ہنڈا کپ سیریز کے تحت پیر کے دن موہالی میں کھیلے جانے والے چوتھے میچ میں ورلڈ چمپیئن آسٹریلیا نے میزبان بھارت کی ٹیم کو 24 رنوں سے شکست دے کر سات میچوں کی سیریز کو دودوسے برابرکردیا۔ اس شکست کے بعد بھارت کو نمبر ون پوزیشن حاصل کرنے کے لیے مزید انتظار کرنا پڑے گا۔
چوتھے ایک روزہ میچ میں مہمان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 251 رنز بنائے۔آسٹریلیا کی جانب سے پونٹنگ 52، وائٹ62، شین واٹسن نے49 اور مائیکل ہسی نے 40 رن بنائے۔ اشیش نہرا نے 37 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔
اس کے جواب میں بھارتی ٹیم نے اننگز کا آغاز دھواں دھار بیٹنگ سے کیا۔ وریندر سہواگ نے اپنے مخصوص جارحانہ انداز سے کھیلتے ہوئے صرف 19 گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے 30 بنائے۔سچن تنڈولکر نے 40 رن جوڑے، تاہم اس کے بعد کپتان دھونی سمیت کوئی بھی کھلاڑی میدان میں جم نہ سکا۔اس طرح 46 اووروں میں بھارت کی ساری ٹیم 226 رن بناکر آوٹ ہوگئی۔
اس میچ میں سچن کو مایوسی ہوئی وہ 17 ہزار رن بنانے کا ریکارڑ بنانے میں ناکام ہوگئے ایک روزہ میچوں میں مجموعی طور پر 17 ہزار رنز کے ریکارڑ کے لیے انھیں 47 رن بنانے تھے لیکن وہ سات رنز سے پیچھے رہ گئے۔36 سالہ سچن کو اب پانچویں میچ کا انتظار کرنا پڑے گا جو کہ جمعرات کو حیدرآباد دکن میں کھیلا جائے گا۔

