بھارت کی پہلی خاتون صدر پرتیبھا پاٹیل نے بدھ کوایک لڑاکا طیارہ اڑا کر ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق انھوں نے دنیا کی پہلی معمر خاتون جنگی ہواباز ہونے کے علاوہ سربراہ مملکت کی حیثیت میں جہاز اڑانے والی پہلی خاتون کا اعزازبھی حاصل کیا ہے۔

74سالہ پاٹیل نے پونا میں بھارتی فضائیہ کے ایک اڈے سے روسی ساختہ طیارے Sukhoi-30 MKIپر 30منٹ تک پرواز کی۔ انھوں نے ہوابازوں کا مخصوص لباس پہن رکھا تھا اور محفوظ انداز میں زمین پر اترنے کے بعد اڈے پر موجود لوگوں کو دیکھ کر انھوں نے ہاتھ ہلایا اور فتح کا نشان بنایا۔

اس سے قبل بھارتی صدر کو اس طیارے سے متعلق مختلف تکنیکوں اور ہنگامی حالت میں اس سے اخراج سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اس تاریخی واقعے تک پہنچنے سے قبل تقریباً دو ماہ تک پرتیبھا پاٹیل کو کڑی محنت سے گزرنا پڑا جس میں یوگا اور جسمانی ورزش بھی شامل ہے۔