ذرائع ابلاغ سے متعلق عراقی صدر جلال طالبانی کے مُشیر نے ان اطلاعات کی تصدیق کردی ہے کہ مسٹر طالبانی اتوار کے روز ایران گئے تھے۔
انہوں نے کہا ہے کہ مسٹر طالبانی کُرد سیاسی کارکنوں کی سزائے موت پر عمل درآمد روک دینے پر صدر احمدی نژاد کا شکریہ ادا کرنے کے لیے ایران گئے تھے۔
عراقی صدر، جو خود کُرد ہیں، اب واپس عراق پہنچ گئے ہیں۔
لیکن ایرانی طلبا کی خبر رساں ایجنسی نے عراق میں ایران کے سفیر حسن کاظمی قومی کے حوالے سے کہا ہے کہ مسٹر طالبانی کے دورہ ایران کازیرِ حراست کردوں سے کوئى تعلق نہیں تھا۔
پچھلے ہفتے انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹر نیشنل نے ایرانی حکام پر زور دیا تھا کہ وہ دو کرد آدمیوں شیر کوہ معارفی اور حبیب اللہ لطیفی کی سزا پر عمل درآمد کو روک دیں، جنہیں ایمنسٹی کے کہنے کے مطابق کسی بھی وقت پھانسی دی جاسکتی تھی۔

