ہالی وڈ میں بننے والی ’فلم انڈین سمر‘ نے ایک بار پھر اِس سوال پر بحث چھیڑ دی ہے کہ آخر نہرو اور آخری وائسرائے ہند لارڈ ماؤنٹ بیٹن کی اہلیہ ایڈوینا کی دوستی کتنی گہری تھی اور اس دوستی کی حدود کیا تھیں۔ اس فلم میں نہرو کا کردار عرفان خان کررہے ہیں۔

بالی  وڈ کے کامیاب اور منجھے ہوئے اداکار عرفان خان ہالی وڈ فلم ساز جوئے رائیٹ کی فلم انڈین سمر میں بھارت کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو کا کردار نبھائیں گے۔  فلم کی عکس بندی اگلے سال بھارت میں شروع کی جائے گی۔

برطانوی فلم ساز جوئے رائیٹ اپنی اِس فلم کے ذریعے نہرو اور ایڈوینا کی دوستی اور محبت کو فلم بینوں کے سامنے پیش کریں گے۔  فلم میں ماؤنٹ بیٹن کا کردار گولڈن گلوب یافتہ مشہور اداکار ہیو گرانٹ نبھائیں گے،  جب کہ ایڈوینا کا کردار آسکر یافتہ ہیروئین کیٹ بلانچیٹ  کررہی ہیں۔

نہرو اور ایڈوینا کے رشتے پر مبنی اس فلم کے حساس موضوع کو دیکھتے ہوئے بھارتی حکومت نے ہالی وڈ فلم کے اسکرپٹ کا جائزہ لے کر اُسے ہری جھنڈی تو دکھا دی ہے پر یہ شرط بھی رکھی ہے کہ فلم کی عکس بندی کے دوران  بھارتی حکومت کا نمائندہ موجود ہوگا۔  اِس کے علاوہ ریلیز سے قبل فلم حکومت کے افسروں کو دکھائی جائے گی۔  واضح رہے کہ بھارتی حکومت نہیں چاہتی ہے کہ نہرو کی زندگی کے انتہائی نجی اور رومانی نوعیت کے واقعات کو فلم میں شامل  کیا جائے۔

فلم انڈین سمر کو یونیورسلز پکچرز کمپنی پروڈیوس کررہی ہے۔  یہ فلم 2011ء تک ریلیز کی جائے گی۔  بھارتی تاریخ کے ماہرین پُرامید ہیں کہ ہالی وڈ ہدایت کار رائیٹ اپنی فلم میں بھارت کے تاریخی پہلوؤں کو سیدھے اور سچے انداز میں پیش کریں گے۔  واضح رہے کہ فلم کی کہانی بھارت میں انگریزوں کی حکومت کے آخری دور کے اطراف گھومتی ہے۔

نہرو کا کردار کر رہے عرفان خان ہالی وڈ کے لیے ایک جانا پہچانا چہرہ بن چکے ہیں۔ میرا نائر کی فلم ’نیم سیک‘ اور برطانوی فلمساز ڈینی بوائل کی فلم ’سلم ڈاگ ملینیر‘ میں لاجواب اداکاری کے لیے عرفان بھارت کے علاوہ بین الاقوامی سطح پر بھی فلم ناقدین کی داد حاصل کرچکے ہیں۔  اِس کے باوجود فلم نقاد فہیم روحانی کے مطابق نہرو کا کردار عرفان کے لیے بطور اداکار بہت بڑا چیلنج ہوگا۔