سابق پاپ اسٹار مایئکل جیکسن کے بھائی جرمین جیکسن ان دنوں بھارت میں ہیں۔گلوکار اور موسیقار عدنان سمیع خان کی دعوت پر وہ گذشتہ دنوں بھارت پہنچے۔جرمین عدنان کے ساتھ مل کر ایک بین الاقوامی البم تیار کر رہے ہیں۔

جرمین کی آمد کے بارے میں کسی کو اطلاع نہیں تھی۔وہ اتفاق سے اسی طیارے میں سوار تھے جس کے ذریعے بھارتی کرکٹ ٹیم ساوتھ افریقہ میں چمپینس ٹرافی کے میچ کھیل کر وطن واپس ہورہی تھی۔میڈیا کے نمائندوں کی بڑی تعداد ان کے انتظارمیں تھی کہ اچانک وہاں عدنان سمیع گلدستے کے ساتھ نظر آئے۔اس وقت پتہ چلا کہ وہ جرمین جیکسن کے استقبال کے لیے آئے ہیں۔

جرمین کی آمد کے بعد دونوں نے میڈیا سے کوئی بات چیت نہیں کی۔جرمین نے تصویروں کے لیے پوز دیا، انھیں ایر پورٹ سیکیورٹی حکام نے کار تک پہنچایا۔ توقع ہے کہ جرمین دو ہفتوں تک بھارت میں قیام کریں گے۔جرمین تاج محل دیکھنے کی خواہش رکھتے ہیں۔

جرمین نے بعد میں کہا کہ ان کا یہ دورہ جذباتی نوعیت کا ہے، وہ بھارت میں آمد پر اسی لیے بھی خوش ہیں کیونکہ مائیکل جیکسن نے ممبئی میں کامیاب پروگرام کیا تھا۔جرمین کے ساتھ ان کی شریکِ حیات بھی بھارت آئی ہیں۔