بالی ووڈ کی خوبصورت ترین مانے جانے والی اداکارہ قطرینہ کیف اگرچہ حقیقی زندگی میں ابھی غیر شادی شدہ ہیں لیکن اندور میں ایک جعلی میرج سرٹیفکیٹ کے ذریعے انہیں بی جے پی کے رکن اسمبلی کی بیوی ظاہر کیا گیا ہے۔ اس جعلی سرٹیفکیٹ نے نہ صرف بالی ووڈ میں سنسنی پیدا کردی بلکہ قطرینہ کے لاکھوں پرستاروں کو حیرت میں ڈال دیا۔ ظاہر ہے کہ اس شرپسندانہ کاروائی نے قطرینہ کے دوست سلمان خان کو بھی دکھی کردیا ہوگا۔

اطلاعات کے مطابق قطرینہ اور مقامی بی جے پی رکن اسمبلی رمیش منڈولا کی شادی کا جعلی سرٹیفکیٹ تیار کیا گیا اور اس کی توثیق اندور میونسپل کارپوریشن سے حاصل کی گئی۔

بلدی عہدیداروں کی لاپروائی کا اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ انہوں نے صداقت نامے کی اصلیت کاپتہ چلائے بغیر ہی اسکی تصدیق کردی۔ جعلی صداقت نامے کے مطابق دو دسمبر 2008ء کو قطرینہ کی شادی رمیش منڈولا سے ہوئی جس کی رجسٹریشن 11 ڈسمبر کو بلدیہ میں کرائی گئی۔

اسی دوان مونسپل کارپوریشن میرج رجسٹرار ڈاکٹر نٹور سردا نے وضاحت کی کہ شادی کا صداقت نامہ جعلی ہے اور ان کے ادارے نے اسے جاری نہیں کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ شر پسندوں نے کسی سافٹ ویر کی مدد سے اسکین کرتے ہوے جعلی صداقت نامہ تیار کیا اور اس کی توثیق بلدی ادارہ سے حاصل کرلی۔ بلدیہ کے  حکام نے جانچ کے بغیر ہی صداقت نامے توثیق کردی۔

اس معاملے کی پولیس میں شکایت کی گئی ہے تاکہ ان نوسربازوں کا پتا چلایا جاسکے۔ اس حرکت نے بی جے پی رکن اسمبلی کو پریشانی میں مبتلا کردیا ہے اور ان کے حامیوں کا کہنا ہے کہ یہ مذموم حرکت مخالفین نے انہیں بدنام کرنے کے لیے کی ہے۔