فلم قربان کے دو متنازع نغموں پر اظہارِ وجوہ نوٹس جاری کرتے ہوئے بمبے ہائی کورٹ نے کرن جوہر اور رینسل ڈی سلوا سے 14 جنوری تک جواب طلب کیا ہے۔  عالمی دہشت گردی کے پس منظر میں بنی یہ محبت کی داستان ایک ساتھ 1700 سے زائد سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جارہی ہے۔

شیوسینا کی دھمکی کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے جمعرات کے روز  شہر میں یو ٹی وی کے دفتر اور سنیما گھروں کے اطراف پولیس کا کڑا حفاظتی بندوبست کیا گیا ہے۔

بالی وڈ میں سیفی نا کے نام سے مشہور جوڑی سیف علی خان اور کرینہ کپور کی نئی فلم قربان 20 نومبر جمعہ کے دن پورے بھارت میں ریلیز ہورہی ہے۔  عالمی دہشت گردی پر مبنی دھرما پروڈکشنس بینر کی فلم قربان کو یو ٹی وی موشن پیچرز عالمی سطح پر 1700 سے زائد سنیما گھروں میں ریلیز کررہی ہے۔

حالانکہ بھارت میں فلم قربان ریلیز سے قبل ہی تنازعوں میں گِھری رہی ہے  پر اِس سے فلم کے تقسیم کاروں کے حوصلے بالکل پست نہیں ہوئے ہیں۔  صرف بھارت میں فلم کو 1500 سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کرنے کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں، جب کہ 24 دیگر ممالک کے 200 سے زائد سنیما گھروں میں بھی قربان فلم کو جمعے کے روز ہی نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ فلم ساز کرن جوہر کی پروڈیوس کی گئی فلم قربان کو بنانے میں 50 کروڑ روپیے خرچ کیے گئے ہیں۔  یو ٹی وی کے سی ای او سدھارتھ رائے کے مطابق قربان بالی وڈ کی پہلی فلم ہے جسے تیرہ سو فیزیکل اور آٹھ سو ڈی جیٹل پرنٹس کے ساتھ اتنے بڑے پیمانے پر ریلیز کیا جارہا ہے۔  مگر ریلیز سے قبل ہی ممبئی شہر میں فلم جہاں ایک طرف اپنے بولڈ مناظر کی وجہ سے سیاسی جماعت شیوسینا کے غصے اور تنقید کانشانہ بنی تو دوسری طرف بمبے ہائی کورٹ میں عوامی عرض داشت  کے ذریعےفلم کے  شکرن اللہ  اور علی مولا نغموں کی عکس بندی پر اعتراض جتاتے ہوئے فلم کی ریلیز پر پابندی لگانے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

بمبے ہائی کورٹ نے تو محمد علی نامی شخص کے قربان فلم کی ریلیز پر پابندی کے  مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے فلم ساز کرن جوہر اور ہدایت کار رینسل ڈی سلوا کو  اظہارِ وجوہ نوٹس جاری کر دیا ہے۔  تاہم شیوسینا نے دھمکی دی ہے کہ اگر فلم سے جنسی مناظرخارج نہیں کیے گئے تو پارٹی سڑکوں پر احتجاجی مظاہرہ کرے گی۔ 

ابھی پچھلے ہفتے ہی شیوسینا کے اراکین نے فلم قربان کے پوسٹر پر کرینہ کپور کو ساڑھی سے ڈھانک کر یہ اعلان کیا تھا کہ وہ بالی وڈ کی ’بےبو‘ کو ساڑھی بطور تحفہ پیش کریں گے۔  شیوسینا کی دھمکی کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے جمعرات کے روز  شہر میں یو ٹی وی کے دفتر اور سنیما گھروں کے اطراف پولیس کا کڑا حفاظتی بندوبست کیا گیا ہے۔

فلم قربان کے ہدایت کار رینسل نے اردو وی او اے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک اتفاق ہے کہ دہشت گردی کے پس منظر میں پنپنے والے جنونی پیار کی کہانی پر بننے والی اُن کی فلم 26 نومبر ممبئی حملوں کی پہلی برسی سے ٹھیک ایک ہفتہ قبل ریلیز ہورہی ہے۔