اپنے سائز زیرو فیگر کے لیے مشہور بالی وڈ اداکارہ کرینہ کپور ایک بار پھر اپنی نئی فلم ’قربان’ میں بولڈ رومانی سین کرنے کے لیے خبروں میں ہیں۔ ہدایت کار رینسل ڈی سلوا کی نئی فلم قربان کے ریلیز کیے گئے تشہیری پوسٹرز میں کرینہ کی تصویر فلم کے ہیرو اور اصل زندگی میں ان کے بوائے فرینڈ سیف علی خان کے ساتھ شائع کی گئی ہے۔




ممبئی شہر کی ہر گلی نکڑ پر چسپاں فلم قربان کے عریاں پوسٹرز اور ٹریلر میں دکھائے گئے مناظر کو دیکھ کر بالی وڈ کی اِس بےباک حسینہ کے مداح بھی حیران ہیں کہ آخر کرینہ جیسی چوٹی کی ہیروئین کو جسم کی نمائش کی ضرورت کیوں آن پڑی۔ جب کرینہ سے یہ سوال ذرائع ابلاغ نے کیا تو کرینہ نے کہا کہ فلم قربان میں سیف اور اُن کے درمیان فلمائے گئے جنسی سین اوچھے پن کا احساس نہیں دلاتے بلکہ وہ کہانی کا اہم حصہ ہیں۔




بالی وڈ کی ہٹ جوڑی سیف اور کرینہ کو فلم قربان سے کافی امیدیں وابستہ ہیں۔ کرینہ نے فلم کی تشہیر کے دوران یہ بیان دیا ہے کہ جب وی میٹ فلم میں گیت کے کردار کے بعد فلم قربان میں اُن کا اوانتیکا نامی لڑکی کا کردار انتہائی جان دار ہے۔ دہشت گردی کے پس منظر میں فلمائی گئی یہ لو اسٹوری طرف اپنی کہانی کے لیے تو دوسری طرف سیف کرینہ کے درمیان فلمائے گئے بولڈ رومانیت بھرے مناظر کے سبب سنیمابینوں کے لیے بحث کا موضوع بنی ہوئی ہے۔




فلم نقاد فہیم روحانی کے مطابق اصل زندگی میں سیف اور کرینہ کے معاشقے کی وجہ سے فلم قربان میں دونوں اداکاروں کے درمیان رومانی منظر کافی اصلی لگتے ہیں اور دونوں کے درمیان کوئی جھجھک نظر نہیں آتی۔




فلم قربان 20 نومبر کو پورے بھارت میں ریلیز کی جائے گی۔ فلم میں ویویک اوبیرائے، دیا مرزا، اوم پوری اور کرن کھیر بھی اہم کردار میں نظر آئیں گے۔ خیال رہے کہ بھارتی فلم سینسر بورڈ نے فلم قربان کو اے سرٹیفیکیٹ دیا ہے یعنی کہ صرف بالغ سنیمابین ہی اِس فلم کو سنیما گھروں میں دیکھ پائیں گے۔