خبر ہے:
Pakistani authorities and witnesses say gunmen have killed a Pakistan-based Afghan journalist in the country's lawless Khyber tribal area
یعنی پاکستانی حکام اور عینی شاہدوں نے کہا ہے کہ خیبر کے علاقے میں, جو ملک میں لاقانونیت کا شکار قبائلی  علاقہ سمجھا جاتا ہے، مسلح افراد نے پاکستان میں رہائش پزیر افغانی صحافی کو ہلاک کر دیا ہے۔

اس میں مرکب لفظ گن مین (gunmen) استعمال ہوا ہے۔ 


گن کا مطلب کیا ہے؟  کچھ لغات کہتی ہیں کہ یہ پرانی نورس سے آیا ہے جہاں  یہ گونِلڈا تھا۔  کچھ کہتی ہیں کہ پرانی نورس میں لفظ تھا Gunnhildr جو دو الفاظ کا مرکب تھا اور وہ تھے: gunnr   اور hildr.  ان دونوں کا مطلب لڑائی یا جنگ تھا۔  اور یہ دونوں نسوانی نام تھے ۔    طاقت ور ہتھیاروں کے نام پسندیدہ عورتوں کے ناموں پر رکھنا پرانے زمانے میں عام بات تھی۔

مین کے لفظ سے کون واقف نہیں ہوگا لیکن آج کی لفظ کہانی سننے یا پڑھنے کے بعد شاید آپ کو احساس ہو  کہ اس سلسلے کے کچھ حقائق نظروں سے اوجھل تھے:

اردو میں لفظ ہے آدمی، جس سے مراد ہوتی ہے، مرد۔  لیکن اصل میں یہ حضرت آدم کی اولاد کو کہتے ہیں اس لئے اس کے مفہوم میں، اصولی طور پر،عورتیں  بھی شامل ہونی چاہئیں۔   اسی طرح انگریزی لفظ مین کو جب انسانیت کے مفہوم میں برتا جاتا ہے تو اس پر آج کل بہت اعتراضات اٹھائے جاتے ہیں۔  مثلاً

What does the man on the street say about this 
یعنی ایک عام انسان کی اس سلسلے میں کیا رائے ہے

A man's got to do, what a man's got to do
اس کا مطلب ہے ہمیں اپنے ضمیر کی آواز کے مطابق عمل کرنا چاہئے، خواہ اس کے نتائج کچھ بھی ہوں۔

اب اس طرح کے مفہوم میں لفظ مین کا استعمال کم ہوتا جا رہا ہے۔  کیونکہ جب یہ لفظ عمومی طور پر استعمال ہوتا ہے تو  اس میں یہ بات مضمر  ہوتی ہے کہ عورتیں انسانوں کے بڑے گروپ کا حصہ نہیں ہیں۔  اس لئے کچھ محتاط لوگ mankind  کے بجائے humankind, human race وغیرہ لکھنے کو ترجیح دیتے ہیں۔

لیکن یہ لفظ خود کہاں سے آیا؟  سنئے :

سنسکرت میں اس کی شکل تھی مانوُ۔  جس کے دو مطالب ہیں:

1۔  یہ دیومالائی کردار تھا اور اس  سے مراد ہے پہلا انسان۔

2۔  وہ شخص جس نے ہندو سماجی اور عائلی قوانین مرتب کئے تھے  (آپ نے منو سمرتی کی ترکیب شاید سنی ہو)
اس لفظ یعنی مانُو سےبعد میں مانُوش ّ اور مانس بنے۔     اس کا مطلب ہے آدمی۔  ( جیسے بن مانس کا مطلب جنگلی آدمی)۔  پرانی  جرمن میں پہنچ کراس کے ہجے mann ہوگئے۔   وہاں سے انگریزی میں آیا تو ایک n   گرا دیا گیا۔