اقوامِ متحدہ کے تفتیش کار نے غزہ کی پٹی میں جنگی جرائم کے بارے میں اپنی رپورٹ کا دفاع کیا ہے۔ جنیوا میں منگل کے روز اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل میں رچرڈ گولڈ سٹون نے اسرائیل کی اِس تنقید کو مسترد کر دیا کہ ان کی رپورٹ سیاسی عزائم پر مبنی ہے۔
کونسل اسرائیلی اور فلسطینی وفود کے موقف بھی سنے گی اور اِس رپورٹ پر قرارداد تجویز کرنے سے پہلے بحث کرے گی۔
دستاویز میں دونوں اسرائیل اور حماس پر گذشتہ دسمبر اور جنوری میں غزہ پر اسرائیلی حملے کے دوران جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف ممکنہ جرائم سرزد کرنے کا الزام لگایا گیاہے۔
لڑائی میں 1300فلسطینی اور 13اسرائیلی ہلاک ہونے کی اطلاعات آئی تھیں۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ ہیگ میں جرائم سے متعلق بین الاقوامی عدالت میں مقدمہ دائر کرنے کی کسی ایسی کوشش کو روکے گا جِس کے باعث اسرائیلی فوجیوں کے خلاف الزامات لگ سکتے ہوں۔
حماس نے رپورٹ میں اُس سے متعلق تنقید کو مسترد کردیا ہے، لیکن اسرائیل کے خلاف الزامات کا خیر مقدم کیا ہے۔

