عراقی پارلیمنٹ ہفتے کے روز ایک متنازع انتخابی قانون پر ووٹ ڈالے گی جِس کے تحت آئندہ قومی انتخابات منعقد کیے جائیں گے۔

عراقی قانون ساز ، انتخابی  کمیشن کی جانب سے دباؤ میں ہیں کہ وہ دن کے اختتام تک ایک قانون منظور کریں۔  لیکن یہ غیر واضح ہے کہ آیا وہ متنازع صوبے کرکوک کی حیثیت کے حوالے سے کسی معاہدے پر پہنچ پائیں گے یا نہیں۔

انتخابی کمیشن کے سربراہ ، فراج الحیدری نے پارلیمنٹ کو خبردار کیا ہے کہ اگر اُس نے اِس ہفتے بِل کو منظور نہ کیا تو 16جنوری کو ہونے والے انتخابات کے لیے وقت ناکافی ہوگا۔

قانون ساز  کرکوک کے حقِ رائے دہی کے بارے میں ہدایت نامے پر رضامند نہیں ہو پارہے۔  کرکوک  مختلف  نسلی  گروہوں کا خطہ ہے  جہاں کرد،  عرب اور ترک لوگ آباد ہیں۔

پارلیمان کے کچھ ارکان کرکوک کے لیے موجودہ ووٹنگ کے ریکارڈ کو جاری رکھنے کے حامی ہیں جِس سے کردوں  کو فائدہ پہنچتا ہے، جب کہ  دوسروں کا خیال ہے کہ 2004ء کی ووٹر لسٹ کو بنیاد بننا چاہیئے جو بات  عربوں کے  مفاد میں ہے۔