پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے کہا ہے کہ محمد یوسف کو زیادہ اختیارات دے کر طویل میعاد کے لیے پاکستان کا کپتان مقرر کیا جانا چاہیئے۔
جمعرات کو وائس آف امریکہ سے بات چیت میں اُنھوں نے عالمی کھلاڑی کے طور پرمحمد یوسف کی تعریف کی ، اور کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ کپتان کی حیثیت سے یوسف کے لیے کوئی مشکل نہیں ہونی چاہیئے۔
انضمام نے کہا کہ کپتان کو مضبوط ہونا چاہیئے کیونکہ اُنھیں میدان میں جاکر کھلاڑیوں کو کھلانا ہوتا ہے۔
اُنھوں نے کہا کہ محمد یوسف تجربہ کار کھلاڑی ہیں جنھیں پتا ہے کہ کس کھلاڑی کو کہاں کھلانا ہے۔ اُن کے بقول وہ وسیع تجربہ اورسمجھ بوجھ رکھتے ہیں کہ ٹیم کو کس طرح ایک یونٹ کے طور پر کھلایا جائے اور بہتر نتائج کس طرح حاصل کیے جائیں۔
اُن کے خیال میں صرف ایک سیریز کے لیے کپتانی دینا کافی نہیں، کیونکہ اِس طرح سے ٹیم کو اکٹھا رکھنا مشکل ہو گا۔ اُن کے بقول، ‘کپتان کے لیے ضروری امر یہ ہوتا ہے کہ سارے کھلاڑی اُس سے خوش ہوں اور کپتان کا اپنے لڑکوں پر اعتماد ہو۔’

