صدر براک اوباما چین کا دورہ مکمل کرنے کے بعد جنوبی کوریا پہنچ گئے ہیں۔ چین میں انھوں نے دیوارِ چین کا نجی دورہ بھی کیا۔
جنوبی کوریا صدر اوباما کے چار ایشیائی ملکوں کے دورے کا آخری پڑاؤ ہے۔ توقع ہے کہ سیؤل میں ہونے والے مذاکرات کے دوران تجارت اور شمالی کوریا کے امور ایجنڈے پر سرِ فہرست رہیں گے۔
جنوبی کوریا روانہ ہونے کے موقعے پر صدر اوباما نے ایک بار پھر شمالی کوریا پر زور دیا کہ وہ اپنے جوہری ہتھیاروں کے پروگرام پر کسی سمجھوتے پر پہنچے۔
اس سے قبل بدھ کے روز چینی وزیراعظم وین جیاباؤ کے ساتھ مذاکرات کے حتمی دور میں صدر اوباما نے کہا کہ چینی رہنماؤں کے ساتھ ان کے مذاکرات مفید رہے۔
چینی وزیرِ اعظم نے کہا کہ امریکہ صدر کا دورہ دوررس نتائج کا حامل تھا اور اس دورے سے امریکہ اور چین کے درمیان تعاون کو نئی سطح پر لانے میں مدد ملے گی۔

