امریکی صدر براک اوباما نے چین میں اپنی مصروفیات میں سے وقت نکال کر اپنے سوتیلے بھائی سے ملاقات کی جو چین میں رہتے ہیں۔

صدر اوباما نے امریکی ٹیلی ویژن نیٹ ورک سی این این کو بتایا کہ انھوں نے پیر کے روز بیجنگ میں اپنے بھائی مارک دسانجو اور ان کی اہلیہ سے ملاقات کی۔ صدر اوباما چین کے دورے پر بیجنگ آئے ہوئے تھے۔

صدر اوباما اور مارک دونوں کینیا کے شہری دیسانجو کی اولاد ہیں۔ ایندسانجو نے حال ہی میں ایک کتاب لکھی ہے جس کا نام ‘نیروبی سے شینزن‘ ہے، جس میں انھوں نے اپنے باپ کے بارے میں لکھا ہے کہ وہ ان کے ساتھ برا سلوک کرتے تھے۔

صدر اوباما نے کہا کہ وہ اپنے سوتیلے بھائی کو زیادہ اچھی طرح نہیں جانتے۔ انھوں نے کہا کہ ان کے والد واقعی نفسیاتی مسائل سے دوچار تھے، جس کا ذکر اوباما نے اپنی کتاب میں بھی کیا ہے۔

اوباما کے والد نے ان کی امریکی والدہ کو طلاق دینے کے بعد دیسانجو کی والدہ سے شادی کی تھی۔ ان کا انتقال 1982ء میں ہوا تھا۔

صدر اوباما نے کہا ہے کہ ان کے والد کے ساتھ گزارا ہوا وقت ان کے لیے تکلیف دہ ماضی ہے، تاہم وہ اس کے بارے میں سوچ سوچ کر زیادہ وقت ضائع نہیں کرتے۔

دیسانجو جنوبی چین کے شہر شینزن سے سفر کر کے اپنے بھائی سے ملاقات کرنے بیجنگ گئے تھے۔

اس سے پہلے وہ واشنگٹن میں صدر اوباما کی تقریبِ حلف برداری کے موقعے پر بھی مل چکے ہیں۔