امریکی صدر باراک اوباما نے چین میں یونیورسٹی کے طلبا کے ساتھ سیاسی اور مذہبی آزادی پر تبادلہ خیال کے بعد بیجنگ میں اپنے چینی ہم منصب ہُو جن تاؤ کے ساتھ مذاکرات کیے ہیں۔
صدر ہُو نے پیر کی شام سرکاری مہمان خانے تیاؤ یُو تھائى میں مسٹر اوباما کے اعزاز میں ایک عشائیہ دیا۔
منگل کے روز مزید تفصیلی مذاکرات اُس وقت ہوں گے، جب مسٹر اوباما اور دوسرے چینی لیڈر توقع ہے کہ آب وہوا میں تبدیلیوں، تجارت، شمالی کوریا اور چین کے مسائل پر غور کریں گے۔
وہائٹ ہاؤس کے عہدے داروں کا کہنا ہے کہ مسٹر اوباما نجی طور پر انسانی حقوق کے مسائل پر بات کریں گے۔
صدر اوباما نے پیر کے روز اس سے پہلے شنگھائى میں طلبا کے ساتھ گفتگو کے دوران اس مسئلے کو اُٹھایا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ملکوں کو ایک دوسرے کا احترام کرنا چاہئیے اور اپنے نظامِ حکومت کو دوسرے ملک پر مسلّط نہیں کرنا چاہئیے۔ لیکن انہوں نے کہا کہ وہ اُن اقدار کی حمایت میں آواز بلند کرتے رہیں گے، جنہیں امریکہ کے لوگ بنیادی انسانی آزادیاں خیال کرتے ہیں۔
مسٹر اوباما نے شنگھائى کی ٹاؤن ہال میٹنگ میں حاضرین اور انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کے اُن سوالوں کے جواب دیے، جو انہیں مختلف ویب سائیٹوں پر پیش کیے گئے تھے۔


