پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور معروف قانون دان اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ وہ حکمران جماعت کا حصہ ہیں اور وہ اپنی پارٹی کے دور حکومت میں عہدہ لینے کو معیوب نہیں سمجھتے اور گذشتہ ہفتے اُن کی صدر آصف علی زرداری سے ہونے والی ملاقات میں اس بارے میں بھی بات ہوئی تاہم انھوں نے اُن اطلاعات کی تصدیق نہیں کہ صدر کی طرف سے اُنھیں گورنر پنجاب یا اٹارنی جنرل کے عہدے کی پیش کش کی گئی تھی۔

پیر کو لاہور میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے اُنھوں نے کہا کہ اس وقت ملک کو مختلف چیلنجوں کا سامنا ہے اور اُنھوں نے وزیراعظم گیلانی اور صدر آصف علی زرداری سے ملاقات میں ان تمام معاملات پر بات کی تھی۔

خیال رہے کہ اس وقت پنجاب میں صدر آصف علی زرداری کے ایک قریبی ساتھی سلمان تاثیر گورنر کے عہدے پر فائز ہیں لیکن صوبے میں برسراقتدار جماعت مسلم لیگ (ن) اُن کی مخالفت کرتی رہی ہے۔ دوسری جانب لطیف کھوسہ کو اٹارنی جنرل کے عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد یہ اہم عہدہ بھی خالی ہے۔