پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے کپتان یونس خان نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کو کرکٹ کھیلنے کے ساتھ ساتھ فلاحی کاموں میں بھی حصہ لینا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیر کو شاہد آفریدی اور سابق کرکٹر راشد لطیف کے ہمراہ معروف فلاحی ادارے اسلامک ریلیف کے زیراہتمام ایک میڈیا کانفرنس میں شرکت کے بعد صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔ یونس خان اور شاہد آفریدی نے اس ادارے کے زیر اہمتام متاثرین مالاکنڈ اور سوات کے لیے برطانیہ میں پانچ لاکھ پاؤنڈ کے عطیات جمع کیے ہیں۔

تین نومبرسے نیوزی لینڈ کے خلاف شروع ہونےو الے کرکٹ سیریز کے بارے میں اس موقع پر کپتان یونس خان نے کہا کہ دنیا میں چند ایک ٹیمیں ہی بحیثیت ٹیم کھیلتی ہیں جن میں نیوزی لینڈ بھی شامل ہے لہذا اس کے خلاف پاکستان کو بھی متحد ہوکر کھیلنا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ کہ ان کی ٹیم متحد ہوکر نیوزی لینڈ کے خلاف فتح حاصل کرے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین ایک روزہ میچوں کی سیریز تین نومبر سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہورہی ہے جب کہ اس کے بعد پاکستانی ٹیم ٹیسٹ میچوں کے لیے نیوزی لینڈ روانہ ہوجائے گی۔