پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان منگل کو ابوظہبی میں تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ پاکستان نے 138رن سے جیت لیا۔ اِس طرح پاکستان نے سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، لیکن بیٹنگ کے لیے اچھی وکٹ پر پاکستان کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا۔ ایک عرصے بعد ٹیم میں شامل ہونےوالے اوپنر سلمان بٹ پہلے ہی اوور میں بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔ ون ڈاؤن پر کپتان یونس خان آئے لیکن وہ بھی سکوررز کو زحمت دیے بغیر پویلین لوٹ گئے۔ لیکن اس کے بعد اپنا دوسرا ون ڈے میچ کھیلنے والے خالد لطیف نے پہلے محمد یوسف اور بعد میں شاہد آفریدی کی شراکت میں پاکستان کی اننگز کو استحکام بخشا۔

پاکستان کی طرف سے آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے تین چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 70، کامران اکمل نے چار چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 67، خالد لطیف نے 64، محمد یوسف نے 30 اور عبد الرزاق نے 26رن سکور کیے۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے شین بانڈ اور وِٹوری نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

 جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان کی نپی تلی باؤلنگ کا سامنا نہ کر سکی اور پوری ٹیم چالیسویں اوورمیں 149رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ اِس طرح پاکستان نے یہ میچ 138رن سے جیت لیا۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے ریڈ برن 52، وِٹوری 38 اور میک کم  21رن کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کی طرف سے عمر گل، عبد الرزاق، شاہد آفریدی اور سعید اجمل نے دو دو کھلاڑیوں کو آ ؤٹ کیا۔

پاکستان کے نائب کپتان شاہد آفریدی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔