پاکستان ٹونٹی20کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ اگلے سال مارچ میں ہونے والے عالمی کپ کے لیے بھرپور تیاری کی جائے گی۔

منگل کو اخباری نامہ نگاروں سے بات چیت میں اُنھوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف کھیلنے سے پہلے تربیتی کیمپ لگائے جائیں گے جِن میں ڈومیسٹک کرکٹ کے تیس کے لگ بھگ چوٹی کے کھلاڑی شریک ہوں گے۔

اُن کے الفاظ میں ‘ہمارے پاس اتنا وقت ہے کہ ہم تیاری کر سکیں،’ اور یہ کہ آسٹریلیا سے پہلے ٹیم جنوبی افریقہ جائے گی۔

شاہد آفریدی نے قومی کرکٹ ٹیم کی پذیرائی پر میڈیا اور شائقین کا شکریہ ادا کیا۔ اُن کے بقول ٹیم کی یہ پوری کوشش ہوگی کہ اپنی قوم کے سامنے اچھے نتائج پیش کریں۔

دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ذرائع کے مطابق، پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز ابو ظہبی میں کھیلی جائے گی جِس کے میچ تین، چھ اور نو نومبر کو ہوں گے۔

ساتھ ہی، سیریز کے دو ٹونٹی20میچ 12اور 13نومبر کو دبئی میں منعقد ہوں گے۔

ون ڈے میچوں میں یونس خان پاکستان ٹیم کی قیادت کریں گے جب کہ ٹونٹی 20میچوں میں شاہد آفریدی پاکستان ٹیم کے کپتان ہوں گے۔ یاد رہے کہ یونس خان نے اِس سال جون میں ٹونٹی20عالمی کپ جیتنے کے بعد ٹونٹی 20کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا جِس کے بعد شاہد آفریدی کو سنہ 2010ء کے 20 ٹونٹی عالمی کپ تک پاکستان کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔