وائس آف امریکہ کی ریڈیو سروس ’آپ کی دنیا‘ نے پاکستان کے یومِ آزادی کے موقعے پر ایک خصوصی مذاکرے کا اہتمام کیا تھا، جس میں امریکہ میں آباد پاکستانیوں نے اظہارِ خیال کیا۔
زاہد حمیدی پچھلے 22 برسوں سے واشنگٹن میں وسیع پیمانے پر‘پاکستان ڈے فیسٹول ’ کا انعقاد کرتے رہتے ہیں، کا کہنا ہے کہ آزادی ایک نعمت ہے اور اِس کی اہمیت کے احساس کا اُن سے پوچھیئے جو اِس نعمت سے محروم ہیں۔
اُنھوں نے کہا کہ دِن منانے کا مقصد بچوں میں یہ جذبہ پیدا کرنا ہے کہ تحریکِ پاکستان کیا تھی، اور وطن سے دور پاکستانی نژاد افراد کی ذمے داریاں کیا ہونا چاہئیں۔
پاکستان کے 63ویں یومِ آزادی کے موقع پر براہِ راست نشر ہونے والے‘راؤنڈ ٹیبل پروگرام’ کے دوسرے شرکا تھے: پاکستان ڈے پیریڈ کمیٹی نیو یارک کے صدر منیر لودھی، پاکستانی امریکی کلچرل سینٹر سلیکان ویلی کیلی فورنیا کے صدر فرخ شاہ، پاکستان سوسائٹی آف نارتھ ٹیکساس کے جنرل سیکریٹری اشرف موتی والا، امریکن ایسو سی ایشن آف سان فرانسسکو کے سربراہ اختر شاہ اورریاستِ مشی گن سے پاکستان ایسو سی ایشن آف امریکہ کے صدر محمد قاسم۔
زاہد حمیدی نے بتایا کہ کوشش یہ رہتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی امریکن فیسٹول میں شرکت کریں إِس لیے چھٹی کے دِن ویک اینڈز پر یومِ پاکستان کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ پچھلے سالوں کی طرح اِس مرتبہ بھی پرچم کشائی اور قومی نغمہ پیش کرنے کے وقت امریکی افواج کا ایک چاق و چوبند دستہ ‘امریکی کلر’ پیش کرے گا۔ یہ بات بہت اہمیت کی باعث اور قریبی دوستی کی مظہر ہوتی ہے۔
منیر لودھی نے بتایا کہ پاکستان ڈے پیریڈ کا مقصد آبائی وطن کی طرف سے پاکستانی نژاد شہریوں پر اپنی مٹی کا قرض ہوتا ہے جس کا اعادہ کرنا اور پاکستانی امریکیوں کی طرف سے اتحاد کی علامت ہوتا ہے۔
اُنھوں نے بتایا کہ عید الفطر اور عید الاضحیٰ کے موقعوں پر سکول سے بچوں کو چھٹیوں کے لیے باقاعدہ قرارداد نیویارک کے پچاس میں پچاس کونسلروں نے منظور کر لی ہے۔ جو اب میئر بلوم برگ کو پیش کی جائے گی۔ دِن منانے سے اِس بات کا بھی اظہار ہوتا ہے کہ کمیونٹی متحد بھی ہے اور با صلاحیت بھی۔
اِس سال کی نیو یارک کی یومِ پاکستان پیریڈ میں پاکستانی وزیر فرزانہ راجہ، مسلم لیگ ن کے سرکردہ راہنما مخدوم جاوید ہاشمی کے علاوہ نیو یارک سٹی کے میئر بلوم برگ شامل ہوئے تھے۔
یاد رہے کہ نیو یارک میں 1985ء میں پاکستان ڈے پیریڈ کا افتتاح ہوا، جب کہ 1987ء سے واشنگٹن میں باقاعدہ سالانہ فیسٹیول کا آغاز کیا گیا۔
اس سال نیویارک میں پاکستان ڈے پیریڈ منعقد ہو چکا ہے جب کہ 16اگست کو رہاستِ ورجینا میں جارج میسن یونیورسٹی میں پاکستان فیسٹول کا انعقاد ہوگا۔


