مکمل طور پر پاکستان میں تیار کردہ جدید لڑاکا طیارہ JF-17تھنڈر پیر کے روز پاک فضائیہ کے حوالے کردیا گیا۔ پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کامرہ میں اس حوالے سے منعقد ہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اس طیارے کی پاک فضائیہ میں شمولیت سے ملک کا دفاع مزید مضبوط ہوجائے گا۔ انھوں نے اس لڑاکا جہاز کی تیاری میں چین کی معاونت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں ملکوں کے درمیان گہرے دوستانہ روابط کا آئینہ دار ہے۔
واضح رہے کہ JF-17تھنڈر طیارہ چین کے تعاون سے ایروناٹیکل کمپلیکس کامرہ میں پاکستانی تکنیک کاروں نے تیارکیا ہے۔ یہ جدید طیارہ کم قیمت ، وزن میں ہلکا اور میزائلوں کے علاوہ روائتی ہتھیاروں سے لیس ہے ۔ یہ طیارہ حملہ کرنے اور دفاع کرنے کے علاوہ ہر قسم کے موسم میں پرواز کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

