نیوزی لینڈ کے دورے کے دوران پاکستان کی کرکٹ ٹیم تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 24نومبر سے دوسرا تین دسمبر سے, جب کہ تیسرا اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ 11دسمبر سے کھیلا جائے گا۔

اطلاعات کے مطابق دورہٴ نیوزی لینڈ میں بدھ کو پاکستان کی کرکٹ ٹیم مقامی ٹیم کے خلاف دو روزہ پریکٹس میچ کھیل رہی ہے۔

اِسی دوران  پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف سلیکٹر اقبال قاسم نے کہا ہے کہ فی الحال یونس خان کی جگہ دورہٴ نیوزی لینڈ کے لیے کسی متبادل کھلاڑی کو پاکستان ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔

خیال رہے کہ سابق کپتان یونس خان نے نیوزی لینڈ کے خلاف متحدہ عرب امارات میں ون ڈے سیریز میں شکست کے بعد دورہٴ نیوزی لینڈ کے لیے پاکستان ٹیم سے دست بردار ہونے کا فیصلہ کیا تھا جِس کے بعد محمد یوسف کو نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا نیا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

ساتھ ہی پی سی بی نے آل راؤنڈر عبد الرزاق اور باؤلر رانا نوید کو بنگلہ دیش میں لیگ کرکٹ کھیلنے کے لیے اجازت نامہ جاری کردیا ہے۔ اِس سے قبل پاکستانی بلے باز مصباح الحق کو بھی بنگلہ دیش میں کھیلنے کی اجازت دی گئی تھی۔