دبئی میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹونٹی20میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کی ٹیم کو با آسانی 49رن سے ہرا کر دو میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔
جمعرات کی شب نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ نیوزی لینڈ کے کپتان ڈینیل وِٹوری نے زخمی ہونے کی وجہ سے اِس میچ میں شرکت نہیں کی۔ اُن کی جگہ وکٹ کیپر بیٹس مین برینڈن میک کلم نیوزی لینڈ کے کپتان تھے۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20اووروں میں آٹھ وکٹ کے نقصان پر 161رن بنائے۔ پاکستان کی طرف سے اوپنر عمران نذیر نے چار چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے صرف 38گیندوں پر 58رن کی دھواں دار اننگز کھیلی، جب کہ عبد الرزاق 26، اور کپتان شاہد آفریدی 24رن کے ساتھ نمایاں رہے۔ کامران اکمل 13، عمر اکمل تین، شعیب ملک چھ، فواد عالم 15، سہیل تنویر 12 اور محمد عامر نے دو رنز اسکور کیے۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے ساؤتھی نے 28رن دے کر تین، جب کہ شین بانڈ نے 17اور ریڈمنڈ نے 24رن دے کر دو-دو وکٹ حاصل کیے۔
جواب میں پاکستانی باؤلروں نے مجموعی طور سے نپی تُلی اور تیر بہدف باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے شروع ہی سے نیوزی لینڈ کے بلے بازوں کو دباؤ میں رکھا اور اُن کی وکٹیں متواتر وقفوں کے ساتھ گِرتی رہیں۔ اِس طرح نیوزی لینڈ کی ٹیم 18.3اووروں میں صرف 112رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے بریڈلی واٹلنگ نے 22، جب کہ برینڈن میک کلم نے 19رن اسکور کیے۔
پاکستان کی طرف سے عبد الرزاق نے نو، محمد عامر اور شاہد آفریدی نے 21-21جب کہ سعید اجمل نے 18رن دے کر دودو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اوپنر عمران نذیر کو ان کی شان دار اننگز پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اس موقعے پر عمران نذیر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہتر کارکردگی کے بعد اچھا محسوس کر رہے ہیں۔ لیکن اُن کی یہی خواہش ہے کہ اپنے ملک کے لیے اچھی کارکردگی دکھائیں اور ایک روزہ میچوں میں اپنی جگہ پکی کریں۔انھوں نے کہا کہ ’میں نے سوچا تھا کہ پہلے اوور میں ٹرائی نہیں کروں گا۔ اس لیے میری ہسٹری میں یہ پہلا میڈن اوور ہے۔‘
پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹونٹی20میچ جمعے کو کھیلا جائے گا۔

