دبئی میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹی20میچ میں پاکستان نے دل چسپ مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو سات رن سے ہرا کر دو میچوں کی سیریز دوصفر سے جیت لی۔
جمعے کو پاکستان کے کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20اووروں میں پاکستان نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 153رن بنائے۔ پاکستان کی طرف سے عمر اکمل کامیاب بلے باز رہے، جنھوں نے 49گیندوں پر ایک چھکے اور پانچ چوکوں کی مدد سے 56رن کی عمدہ اننگز کھیلی۔
کامران اکمل نے 26، شاہد آفریدی اور عمران نذیر نے 22،22اور فواد عالم نے 17رن اسکور کیے۔عبد الرزاق صفر اور شعیب ملک سات رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے بٹلر نے 28رن دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں نیوزی لینڈ نے میچ جیتنے کے لیے بھرپور زور لگایا اور پاکستان ٹیم کی ناقص فیلڈنگ کی وجہ سے ایک موقعے پر یوں لگا کہ نیوزی لینڈ یہ میچ جیت لے گا لیکن بعد میں پاکستانی باؤلروں نے نپی تُلی باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کو سات رن سے کامیابی دلوا دی۔
میچ کے آخری اوور میں نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 18رن درکار تھے۔ تاہم عمر گل نے اچھی باؤلنگ کی اور پاکستان کو فتح دلوائی۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ 20اووروں میں پانچ وکٹ کے نقصان پر 146رن بنا سکی۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے برینڈن میک کم2 نے 47 اور سٹائرس نے 43نمایاں رن اسکور کیے۔
عمر گل نے 29رن دے کر دو جب کہ سہیل تنویر ، شاہد آفریدی اور سعید اجمل نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ پاکستان کے عمر اکمل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، جب کہ شاہد آفریدی کا مین آف دا سیزیز کے اعزاز سے نوازا گیا۔
اِس سیریز کے بعد پاکستان کی ٹیم نیوزی لینڈ کے دورے پر روانہ ہوگئی جہاں دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔ اِس سیریز میں محمد یوسف پاکستان ٹیم کی قیادت کریں گے۔

