31.10.09
پاکستان کا معیاری وقت ایک گھنٹہ پیچھے
پاکستان کا معیاری وقت ہفتے کی رات بارہ بجے سے واپس ایک گھنٹہ پیچھے کیا جا رہا ہے ۔
وفاقی حکومت نے 15اپریل کو گھڑیاں ایک گھنٹہ آگے کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاکہ دن کی روشی سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھایا جا سکے اور توانائی کے شدید بحران کے شکار پاکستان کے لیے بجلی کی بچت کی جا سکے ۔
شائع شدہ اطلاعات کے مطابق پچھلے ساڑھے چھ مہینے کے دوران وقت کی تبدیلی سے حکومت کو روزانہ تقریباً 250 میگا واٹ بجلی کی بچت ہو سکی ہے ۔
خیال رہے کے پاکستان نے سن 2002 میں بھی اپریل سے اکتوبر تک اور 2008 میں جون سے اگست تک بجلی کی بچت کے لیے گھڑیاں ایک گھنٹہ آگےکرنے کا تجربہ کیا تھا ۔
ملک کو اس وقت بھی توانائی کے سنگین بحران کا سامنا ہے اور مختلف علاقوں میں لوڈ شیدڈنگ کے باعث عوام کو دشواری ہو رہی ہے جب کہ تجارتی سرگرمیاں بھی متاثر ہو ری ہیں۔
حکومت اس عزم کا اظہار کرتی آئی ہے کہ ملک کو دسمبر 2009 تک بجلی کے بحران سے نجات دلا دی جائے گی تاہم اب حکام کا کہنا ہے کہ رینٹل پاور کے منصوبے میں کچھ تعطل کے باعث لوڈ شیدڈنگ کا سلسلہ اگلے سال جون تک جاری رہ سکتا ہے۔