کوئٹہ کے مغربی علاقے کرانی روڈ پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کر کے دو پولیس اہلکاروں کو ہلاک کر دیا ہے جو معمول کی گشت کر رہے تھے ۔

 
اطلاعات کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار حملہ آوروں نے پولیس اہلکاروں کے سروں پر گولیاں ماریں اور اس کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
 
پولیس نے واقعے کے فوراً بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور اس کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔  
 
صوبہ بلوچستان میں گزشتہ مہینوں کے دوران سیاسی بنیادوں پر قتل کے واقعات اور ٹارگٹ کلنگ میں بہت اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
 
رواں سال کے پہلے دس مہینوں کے دوران صوبے میں ٹارگٹ کلنگ کے تقریباً ساڑھے تین سو واقعات ہوئے جن میں چار سو کے قریب لوگ ہلاک اور آٹھ سو زخمی ہوئے ۔
 
 
خیال رہے کی حکومت کی طرف سے  منگل کے روز شورش زدہ بلوچستان    کے لیے ایک پیکج کا اعلان کیا جا رہا ہے اور  حکومت کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد صوبے کی ترقی اور خوشحالی کےعلاوہ  اس کے احساس محرومی کو دور کرنا ہے ۔
 
بلوچستان کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ صوبے کے مسائل تب ہی حل ہو سکتے ہیں جب اسے ان کے بقول جائزخود مختاری  اور اپنے وسائل پر جائز حق دینے کے حوالے سے عملی اقدامات اٹھائےجائیں۔