ہالی وڈ کے ایکشن سٹار اور کیلی فورنیا کے گورنر آرنلڈ شوارزنیگر نے بالی وڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کو ڈِنر پر مدعو کیا ہے۔ یہ خبر اس لیے اہمیت کی حامل ہے کیونکہ منگل کے روز امریکہ سے بھارت واپس لوٹنے پر شاہ رخ نے ذرائع ابلاغ کو بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر بےحد ضروری نہ ہو تو وہ امریکہ جانے سے گریز کریں گے۔
واضح رہے کہ امریکہ میں مقیم برصغیر کے باشندوں کی جانب سے شکاگو شہر میں بھارت کی یومِ آزادی 15 اگست کے کارنیوال میں شاہ رخ بطور خصوصی مہمان مدعو کیے گئے تھے۔ تاہم امریکہ کے نیوارک ایئر پورٹ پر امیگریشن افسر نے انہیں دو گھنٹے روک کر تفتیش کی اور بھارتی سفیر کی مداخلت کے بعد ہی انہیں جانے کی اجازت دی گئی تھی۔
نیوارک ائرپورٹ پر شاہ رخ کے ساتھ ہونے والے تکلیف دہ واقعہ کی تفصیل جاننے کے بعد ہالی وڈ ایکشن ہیرو آرنلڈ نے کنگ خان کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھاتے ہوئے انہیں 20 ستمبر کے روز واشنگٹن ڈی سی میں رات کے کھانے پر مدعو کیا ہے۔
خیال رہے کہ ممبئی واپسی پر شاہ رخ نے میڈیا کو بیان دیا تھا کہ وہ اس واقعے کو بھول کر آگے بڑھ چکے ہیں اور پیشہ ور سطح پر وہ بھلے ہی امریکہ سفر کریں تاہم اب وہ اپنی بیوی اور بچوں کے ساتھ شاید کبھی بھی امر یکہ نہیں جائیں گے۔
اِن حالات میں اس طرح آرنلڈ کا شاہ رخ کو رات کے کھانے پر مدعو کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ خود امریکی عوام شاہ رخ کے ساتھ کیے گئے برتاؤ سے حیران ہیں۔

