یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے معاملات کے سربراہ ہاوئیر سولانا نے کہا ہے کہ یورپ، پاکستان کے شمال مغرب میں تقریباً 20 لاکھ اُجڑے ہوئے لوگوں کی از سرِ نو آبادکاری کے لیے پاکستان کی کوششوں کی مدد جاری رکھے گا۔
سولانا نے پیر کے روز ایک پناہ گزین کیمپ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے حکومت کی کوششوں کی تعریف کی۔ کچھ پناہ گزینوں کو شکایت ہے کہ اُنہیں ضروری اشیائے خوراک اور وہ رقم نہیں ملی، جس کا حکومت نے وعدہ کیا تھا۔
سولانا نے کہا ہے کہ یوپی یونین اُجڑے ہوئے لوگوں کی مدد کے لیے پہلے ہی 20کروڑ ڈالر سے زیادہ فراہم کرچکی ہے۔
یورپی یونین نے مزید دس کروڑ ڈالر کی فراہی کا وعدہ کیا ہوا ہے۔پاکستان کے وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ تعمیرِنو اور لوگوں کی از سرِ نو آبادکاری کے لیے دو ارب 60 کروڑ ڈالر کی ضرورت ہوگی۔
توقع ہے کہ مسٹر سولانا اپنے اس دورے میں یورپی یونین اور پاکستان کے تعلقات پر تبادلہٴ خیال کے لیے صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کریں گے۔
مسٹر سولانا کے اسلام آباد کے اس دورے سے پہلے مسٹر زرداری یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان اوّلین سربراہی اجلاس کے لیے جون کے وسط میں بروسلز گئے تھے۔
27 رکن ملکوں کی یورپی یونین کا کہنا ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف زیادہ سخت اقداما ت اور حکومت کے اندازِکار کو بہتر بنانے کے بدلے میں پاکستان کو یورپی منڈیوں تک مزید رسائى فراہم کرنے پر غور کرے گی۔
اسی دوران پاکستانی فوج نے کہا ہے کہ اُس نے وادیِ سوات میں اتوار کے روز سے جاری کارروائیوں میں14 جنگ جوؤں اور اُن کے دو کمانڈروں کو ہلاک کردیا۔

