ورلڈ بینک کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ترقی پذیر ممالک کی معاشی ترقی میں کم قیمت تیز رفتار انٹر نیٹ اور موبائل فون کی سروسز کا کلیدی کردار ہے۔
منگل کے روز جاری ہونے والی اس رپورٹ کے مطابق ہائی سپیڈ انٹرنیٹ کنکشن میں ہر دس فی صد اضافے کے نتیجے میں اقتصادی پیداوار میں 1.3 فی صد اضافہ ہوا۔
اس مطالعاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ترقی پذیر ملکوں کے دور افتادہ اور دیہی علاقوں میں پبلک اور نجی سروسز کی فراہمی میں موبائل فون واحد اور طاقت ور ذریعہ ثابت ہوئے ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ براڈ بینڈ انٹرنیٹ نے مقامی انفارمیشن ٹیکنالوجی کی خدمات کے لیے بنیادمہیا کی ہے۔ عالمی بینک نے کہا ہے کہ ان سروسز کے نتیجے میں نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع میسر آئے اور پیدا وار اور برآمدات میں اضافہ ہوا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ برازیل، گھانا اور بھارت کے شواہد یہ ظاہر کرتے ہیں کہ وہاں جدید انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کے استعمال نے حکومتوں کی مستعدی، شفافیت اورفوری ردِعمل کی صلاحیت میں اضافہ کیا ہے۔

