کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں 34 واں بین الاقوامی فلمی میلہ دس سے 19 ستمبر سے شروع ہو رہا ہے۔ ہر سال کی طرح اِس بار بھی بالی وڈ پورے شاہانہ انداز کے ساتھ اس بین الاقوامی میلے میں اپنی موجودگی درج کرانے کے لیے تیار ہے۔ اس برس بالی وڈ کی دو بڑی فلمیں دل بولے ہڑیپا اور واٹس یور راشی کا ورلڈ پریمیئر ٹورنٹو فلم فیسٹیول میں کیا جائے گا۔

دنیا بھر کے 64 ممالک سے کل 335 فلمیں اس فلمی میلے میں نمائش کے لیے پیش کی جائیں گی۔ پچھلے سال فلم سنگھ از کنگ، ہیون آن ارتھ اور فراق کا اسی میلے کے دوران کیا گیا تھا۔

ٹورنٹو فلمی میلے میں شرکت کرنے والے ہالی وڈ کے چوٹی کے فلم سازوں اور فلمی ستاروں کے سامنے بالی وڈ کے ستاروں کا جھرمٹ اپنی روشنی بکھیرنے کے لیے بے تاب ہے۔ سات سال قبل فلم لگان سے اپنا آسکر کا سفر شروع کرنے والے فلم ساز آشوتوش گواریکر کی نئی فلم واٹس یور راشی مدھو آریا کے گجراتی ناول ’ کِم بال راوینس وڈ’ پر مبنی ہے اور اِس رومانٹک کامیڈی فلم کی تشہیر کے لیے فلم کی اسٹار کاسٹ پرینکا چوپڑا اور ہرمن بویجا بھی ٹورنٹو شہر پہنچیں گے۔

فلم ساز انوراگ سنگھ کی فلم دل بولے ہڑیپا کی ہیروئن رانی مکھرجی، اداکارہ اور ماڈل لیزا رے، ابھئے دیول، سیما بیواس، شریا سرن اور ہدایت کار بدھا دیب داس گپتا کے ساتھ بطور مہمان خصوصی ٹورانٹو فلمی میلے میں شرکت کریں گی۔

بالی وڈ کی کمرشل فلموں کے علاوہ عالمی سطح پر مشہور فلم ساز دیپا مہتا کے بھائی دلیپ مہتا کی ڈاکیومینٹری فلم ’کوکِنگ وِتھ اِسٹیلا’ کو بھی نمائش کے لیے ٹورانٹو فلمی میلے میں پیش کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ٹورنٹو فلمی میلہ تجارتی اعتبار سے بھی انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ عالمی سطح پر فلم سلم ڈاگ ملینئیر کی کامیابی کے بعد ہالی وڈ کی فلم پروڈکشن کمپنیاں بالی وڈ فلموں میں دلچسپی لے رہی ہیں۔ اِس کی تازہ مثال کرن جوہر کی نئی فلم مائی نیم از خان کے ڈسٹری بیوشن کے خصوصی حقوق کے لیے فاکس اور شاہ رخ خان کی کمپنی کے درمیان ہونے والا ایک ارب روپیے کا معاہدہ ہے۔