امریکی محکمہٴ خارجہ نے نیپال اور سری لنکا میں مقیم یا جنوبی ایشیا کے ان ملکوں کا سفر اختیار کرنے والے امریکی شہریوں کے لیے نیا انتباہ جاری کیا ہے۔

 انتباہ میں سری لنکا میں مقیم امریکیوں کو ہدایت کی گئى ہے کہ وہ ملک کے شمال اور مشرق میں سفر کے تمام ارادے ملتوی رکھیں، کیوں کہ ان علاقوں میں سکیورٹی کی صورتِ حال بدستور تشویش ناک ہے۔

انتباہ میں کہا گیا کہ ان علاقوں میں ابھی تک ایسی بارودی سرنگیں موجود ہیں جنہیں ناکارہ نہیں کیا گیا ہے۔ اور بچے کچھے تامل ٹائیگر باغیوں کی جانب سے کارروائیوں کا امکان ہے۔ اس میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام امریکی شہریوں کو اپنے آس پاس کے ماحول سے با خبر رہنا چاہئیے اور پُر ہجوم مقامات سے بچنا چاہئیے۔

انتباہ میں نیپال کے بارے میں کہا گیا ہے کہ ہمالیہ کے اس خطّے میں سیاسی تشدّد ابھی تک مسئلہ ہے اور سیاسی گڑبڑ کے واقعات کی نوعیت، شدّت اور اس بات کے پیشِ نظر کہ اس قسم کے واقعات کی پیش گوئى نہیں کی جاسکتی، تمام امریکوں کو چاہئیے کہ وہ وہاں کا سفر کرتے ہوئے خاص طور پر احتیاط سے کام لیں۔

دستاویز میں امریکیوں پر زور دیا گیا ہے کہ سکیورٹی سے متعلق تازہ ترین اطلاعات حاصل کرنے کے لیے کٹھمنڈو میں امریکی سفارت خانے میں خود کو رجسٹر کرائیں۔

واضح رہے کہ امریکی محکمہٴ خارجہ پہلے ہی اپنے شہریوں کے پاکستان کے سفر پر بھی اسی قسم کی شرائط لاگو کر چکا ہے۔