فلم ساز مہیش بھٹ کی حالیہ ریلز ہونے والی فلم ‘تُم ملے’ کی نمائش  کے خلاف گجرات میں  مظاہروں کے بعد ریاست کےاحمدآباد اور راج کوٹ شہروں کے سنیماؤں  میں فلم کی نمائش روک دی گئی  ہے۔

مظاہرین کو اعتراض ہے کہ اِس فلم سے کہیں نہ کہیں مہیش بھٹ کا بیٹا راہول بھٹ بھی وابستہ ہے۔ خیال رہے کہ مشتبہ دہشت گرد ڈیوڈ ہیڈلی کیس میں راہول کانام  اُبھر کر سامنے آیا ہے جِس کے بعداطلاعات کے مطابق  گذشتہ کئی روز سے  بھارت کےقومی تفتیشی ادارے راہول سے ہیڈلی  کے ساتھ تعلقات کے بارے میں پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔

گجرات کے سابق وزیرِ داخلہ گودھن زدافیا کی نئی سیاسی پارٹی ‘مہا گجرات جنتا پارٹی’ کے اراکین نے پیر کے روز راج کوٹ سے سنیما گھروں میں جبراً گھُس کر توڑ پھوڑ کی تو منگل کے روز احمد آباد کےسنیما گھر میں بھی یہ مطالبہ کیا گیا کہ پورے ملک میں اِس فلم کی نمائش پر پابندی لگائی جائے۔

گودھن زدافیا نے کہا ہے کہ ریاست کے تمام سنیما گھر اور ملٹی پلیکس مالکان کو ‘تم ملے’ فلم کی نمائش کو روکنے کا فرمان جاری کردیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ ہیڈلی امریکی باشندہ ہے جِسے گذشتہ ماہ ایف بی آئی نے شکاگو میں بھارت اور ڈنمارک کے خلاف لشکرِ طیبہ  کے اشارے پر دہشت گرد کارروائی  کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔

ہیڈلی متعدد بار بھارت بھی آچکا ہے اور اِسی دوران اُس نے ممبئی میں مہیش بھٹ  کے بیٹے راہول سے دوستی کرلی تھی۔

ماضی میں فرقہ وارانہ سیاست کے خلاف آواز اُٹھانے پر مہیش بھٹ بی جے پی کی تنقید کا نشانہ بھی بن چکے ہیں۔

‘تم ملے’ کی نمائش کو گجرات کی پوری ریاست میں روکے جانے کے لیے مہا گجرات جنتا پارٹی کی طرف سے احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔