روس نے اس بات کی منظوری دے دی ہے کہ امریکہ افغانستان میں فوج اور فوج کے لیے رسد پہنچانے والی پروازوں کے لیے اُس کی فضائى حدود کو استعمال کرسکتا ہے۔

اس سمجھوتے کے تحت، جس پر پیر کے روز ماسکو میں امریکہ اور روس کے سربراہی اجلاس میں دستخط کیے گئے ہیں، فوجیوں، اسلحہ، گولہ بارود، فوجی موٹر گاڑیوں اور فاضل پُرزے لے جانے والی روزانہ تقریباً 12 اور چار ہزار 500 تک سالانہ فوجی پروازوں کی اجازت دی گئى ہے۔

سینئر امریکی عہدے داروں نے کہا ہے کہ ان پراوازوں سے راہ داری فیس وصول نہیں کی جائے گی اور وہ طیارے روس کی علاقائى حدود میں نہیں رُکیں گے۔

روس نے اس سے پہلے اپنی علاقائى حدود سے امریکی سازوسان کی ترسیل کو ٹرینوں کے ذریعے صرف  غیر فوجی سامانِ رسد تک محدود کیا ہوا تھا۔

وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ فضائى راستے سے راہ داری کے اس سمجھوتے کے نتیجے میں ایندھن اور دوسرے اخراجات کی صورت میں سالانہ 13 کروڑ ڈالر سے زیادہ کی بچت ہوگی۔