شمال مشرقی چین میں ہفتے کے روز صبح سویرے کوئلے کی ایک کان میں گیس کے ایک دھماکےمیں ہلاک ہو نے والے کان کنوں کی تعداد بڑھ کر اب 42 ہوگئى ہے جب کہ 66 کان کن زیرِ زمین بہت گہرائی میں پھنسے ہوئے ہیں۔ 

محفوظ حالاتِ کار کے سرکاری دفتر نے کہا ہے کہ ہائى لونگ چیانگ صوبے کی سِن ِسنگ کان میں دھماکے کے وقت 500 سے زیادہ لوگ کام کررہے تھے۔  بتایا گیا ہے کہ 400 کے قریب لوگ بچ کر کان سے نکل آئے ہیں اور امدادی ٹیمیں پھنسے ہوئے کان کنوں کو تلاش کررہی ہیں۔

چین میں کوئلے کی کانوں میں اکثر جان لیوا حادثے ہوتے رہتے ہیں۔ سرکاری اندازوں کے مطابق پچھلے سال اس قسم کے حادثوں میں تین ہزار سے زیادہ لوگ ہلاک ہوئے تھے۔ تاہم غیر سرکاری نگراں تنظیموں کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔