چین میں قمار بازی کے پُر تعیّش اڈے  مکاؤ کے ایک ہوٹل نے مائیکل جیکسن کے اُس مشہور دستانے کو ایک مستقل نمائش میں رکھنے کااعلان کیا ہے،  جسے اس ہوٹل نے ایک نیلام  میں  تین لاکھ 50 ہزار ڈالر میں خرید لیا ہے۔ 

پونٹے 16 کسینو کے ایک عہدے دار نے ہفتے کے روز نیویارک شہر  میں ہونے والے نیلام  میں  آخری کامیاب بولی دے کر  وہ دستانہ خرید لیا تھا،  جسے مائیکل جیکسن نے  پہلی بار 1983 میں ٹیلی ویژن پر  اپنے” مُون واک رقص“ کے دوران پہنا تھا۔

ہوف مین ما نے کہا ہے کہ یہ دستانہ اور نیلام میں خریدی ہوئی  مائیکل جیکسن کی کئی اور ذاتی اشیا ہوٹل میں ”کنگ آف پاپ“ کے نام سے ایک مستقل نمائش  میں رکھ دی جائیں گی۔

فروخت سے پہلے نیلام کے مُنتظمین کا اندازہ تھا کہ جواہرات سے مرصّع یہ دستانہ  لگ بھگ 40 ہزار ڈالر میں بِک جائے گا۔  لیکن ہفتے کے روز نیلام  میں اس کی قیمت اندازے سے نو گنا  زیادہ  وصول ہوئی۔